لاہور۔ 02 جنوری (اے پی پی):فیصل آبادچیمبر کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ چیمبربزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ڈویژن کے پونے 2کروڑسے زائدعوام کی نمائندگی کر رہا ہے ، معاشی، کاروباری، تجارتی و صنعتی شعبے سے متعلق110سے زائد سیکٹرز کے مسائل کے حل کےلئے قائمہ کمیٹیاں بھی اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں سر انجام دے رہی ہیں۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ 1974سے قائم ہے جبکہ اس کے ممبران کی تعدادآٹھ ہزارسے بھی زائد ہے لیکن اس کے باوجود یہ ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے عوام کی نمائندگی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کے منتخب نمائندے اپنے ممبران کے مفادات کے تحفظ کے علاوہ شہر کی ترقی کےلئے بھی کام کرتے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کے چیدہ چیدہ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کو ملک کی نجی شعبے کی پہلی ڈرائی پورٹ قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
انہوں نے ائیر پورٹ کی اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر، تجاوزات کے خاتمے، صنعتی کلسٹر زکو باضابطہ صنعتی علاقے قرار دینے، کشمیر انڈر پاس کی جلد تکمیل، کینال روڈ کو نہر رکھ برانچ کے ساتھ ساتھ بلوکی تک تعمیر کرنے، مختلف حکومتی کمیٹیوں میں چیمبر کی نمائندگی، اندرون شہر سے منڈیوں کی بیرون شہر منتقلی اور پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مطالبات کو بھی دہرایا۔
انہوں نے ملکی معیشت میں فیصل آباداور خصوصاً چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کےلئے وسائل کی فراہمی براہ راست معیشت سے منسلک ہے اس لئے ان کی کوشش ہے کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کی معاونت سے صنعت و تجارت کےلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پید ا کی جائیں۔