پشاور۔ 31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ایف سی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ کہا ہے کہ ایف سی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا، جمعرات کو یہاں ایف سی ہیڈ کوارٹرز آمد پر جوانوں کے چاق و چوبند دستے نے وفاقی وزیر برائے داخلہ کو سلامی پیش کی۔وفاقی وزیر برائے داخلہ نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کی بلند درجات کیلئے دعا کی۔فرنٹیئر کانسٹبلری کے حوالے سے کمانڈنٹ معظم جا انصاری نے وزیر داخلہ کو بریفننگ دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ محدود وسائل میں امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں اور خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی شہداء پیکج میں بھی اضافہ کیا جائیگا اور درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گےاپنے لہو سے امن کے دئیے جلانے والے شہداء کی یاد قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں فرنٹیئر کانسٹبلری کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے نڈر جوانوں نے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ وزیر داخلہ کی آمد سے ایف سی جوانوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں جیلوں اور فارن دفاتر کی سکیورٹی کی خدمات بھی ایف سی انجام دے رہی ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں ایف سی کے 11 جوانوں نے جان کے نذرانے پیش کئے جبکہ 27 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکشن تھری کے تحت ایف سی بارڈر اور ملحقہ علاقوں کی سکیورٹی سمیت اقتصادی راہداری، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، واپڈا، سوئی گیس، این ایچ اے سمیت اقوام متحدہ میں ایف سی کی مستقل نمائندگی موجود ہے۔