اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نےامن و امان کے قیام کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختوا اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امن برقرار رکھنے میں ایف سی نے انتہائی موثرکام کیاہے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران ایف سی نے پولیس کی بہت مدد کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ایف سی کے ملکی امن امان برقرار رکھنے میں کردار اور دیگر پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران ایف سی کی دارالحکومت اسلام آباد میں تعیناتی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ کو فورس کے کام اور دائرہ کار سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ملکی امن و امان میں ایف سی کا کردار بہت اہم اور قابل ستائش ہے، خیبر پختواہ اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امن برقرار رکھنے میں ایف سی نے انتہائی موثرکام کیاہے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران ایف سی نے دارالحکومت اسلام آباد میں امن امان برقرار رکھنے میں مقامی پولیس کو بہت سپورٹ دی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے ہاتھوں ایف سی کے کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے ، تشدد کے باوجود ایف سی اہلکاورں نے لانگ مارچ کے دوران انتہائی نظم وضبط اورتحمل کا مظاہرہ کیا، ایف سی اہلکاروں اور ان کے کمانڈز کا پیشہ وارانہ کردار قابل تعریف ہے۔ وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ ایف سی کو ایک موثر فورس بنانے کیلئے تمام ضروری مالی اورتکنیکی وسائل فراہم کریں گے۔ کمانڈنٹ ایف سی نے بتایا کہ پاکستان بھر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری 28ہزار جوانوں پر مشتمل ہے، امن وامان کیلئے ایف سی وزارت داخلہ کے زیر انتظام فرائض سرانجام دیتی رہے گی