اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):ایف سی کیمپ مسلم باغ پردہشت گردی کے حملہ میں شہیدہونے والے اہلکاروں کی نمازجنازہ کوئٹہ گیریژن میں ہفتہ کو اداکی گئی۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ضلع قلات سے تعلق رکھنے والے 31سال نائیک امین اللہ، ضلع چکوال کے 35 سالہ رہائشی لانس نائیک عبدالمناف، ضلع ساہیوال کے 34سالہ سٹینوٹائپسٹ غلام فرید، جنہوں نے مسلم باغ میں ایف سی کے کیمپ میں دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیاتھا، کی نمازجنازہ کوئٹہ گیریژن میں اداکی گئی۔نمازجنازہ میں کورکمانڈرکوئٹہ، حاضرسروس وریٹائرڈ فوجیوں اورحکومت کے سینئرحکام نے شرکت کی۔
شہداکی نمازجنازہ ان کے متعلقہ آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ بھی اداکی جائیگی۔پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کوناکام بنانے میں پرعزم ہے جو محنت سے حاصل کردہ امن کو خراب کرنے کیلئے بھرپورکوشیں کررہے ہیں۔آئی ایس پی آرکے بیان میں کیاگیاہے کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اوران سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کواختتام تک جاری رکھنے کے ہمارے عزم کوتقویت ملے گی۔