ایف پی سی سی آئی اور مختلف چیمبرزکے قائدین کا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیر مقدم

8

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے قائدین نے پاکستان اور ازبکستان کےدارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغازکاخیر مقدم کرتے ہوئے اسے دوطرفہ کاروباری اور معاشی انضمام کے لئے سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ڈائریکٹ پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مستقبل میں مزید بڑھیں گے، تجارت ، سرمایہ کاری ، سیاحت اور عوام کے عوام سے رابطوں کو فروغ ملے گا۔

اتوار کو ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ذکی اعجاز نے اے پی پی کو بتایا کہ تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ ازبکستان اور دیگر وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ دوطرفہ کاروباری اور معاشی انضمام میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان ڈائریکٹ پروازیں دونوں علاقا ئی ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے امکانات کو بڑھائیں گی۔ ازبکستان کے صنعتی مرکز تاشقند سے اسلام آباد تک ہفتے میں دو پروازیں دونوں اطراف کے درمیان معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں گی۔

ایف پی سی سی آئی کے رہنما نے کہا کہ ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر توختایف دونوں برادر ممالک کے درمیان ڈائریکٹ ہوائی رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر ستائش کے مستحق ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جواد بلوانی نے کہا کہ تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان ڈائریکٹ پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مستقبل میں مزید بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے کاروباری حلقوں کا خیال ہے کہ یہ قدم پاکستان اور ازبکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات پر بہت زیادہ اثر انداز ہوگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ ازبکستان وسط ایشیا کا ایک اہم ملک ہے،

اسلام آباد اور تاشقند کے درمیان ڈائریکٹ پروازیں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مضبوط بنائیں گی، اس سلسلے میں تمام کریڈٹ ازبک سفیر علیشیر توختایف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان دوسری براہ راست پرواز ہے، اس سال تاشقند اور لاہور کے درمیان ہفتے میں دو براہ راست پروازوں کا آغاز ہواتھا،مستقبل میں اس میں مزید وسعت آئے گی جو علاقائی کنیکٹیویٹی کے لیے اہم ہے۔ نئے اسلام آباد روٹ کے علاوہ ازبکستان ائیرویز فی الحال بدھ اور جمعہ کو لاہور کے لیے ہفتے میں دو ڈائریکٹ پروازیں چلا رہی ہے، جو دونوں ممالک کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھارا نے کہا کہ تجارتی تعلقات کے علاوہ ڈائریکٹ فلائٹ رابطہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے چیمبر نے اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارت خانے کو دونوں دارالحکومتوں کے درمیان ڈائریکٹ پروازوں کے آغاز اور اپنی قومی ایئرلائن ازبکستان ائیرویز کو شامل کرنے پر سراہا ہے۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایوب مریانی نے تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان ڈائریکٹ پروازوں کے آغاز کو علاقائی معاشی انضمام کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے بڑے شہروں بشمول کوئٹہ جو وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تاریخی تعلق رکھتا ہے، کے درمیان ایسی ڈائریکٹ پروازیں شروع کی جانی چاہئیں۔ پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے کہا کہ پی سی سی آئی نے تاشقند کے ساتھ ڈائریکٹ ہوائی رابطہ کو سراہا ہے کیونکہ ہمارے تاجر وسط ایشیا سے معاشی طور پر جڑے ہوئے ہیں ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر قریشی نے کہا کہ ازبکستان، وسطی ایشیا کی مضبوط معیشت ہے

اور ڈائریکٹ ہوائی رابطہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ وہ وسط ایشیائی ممالک، خاص طور پر ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ڈائریکٹ ہوائی رابطہ جیسے اقدامات تجارت کو فروغ دیں گے۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد صادق خان نے بھی تاشقند سے اسلام آباد تک دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کو سراہا۔