ایف پی سی سی آئی کاحکومت سے انڈسٹری کیلئے ونٹر پیکج کے اعلان اور شرح سود میں کمی کا مطالبہ

147
FPCCI

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسڑی(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز،سابق نگران وفاقی وزیر تجارت وایف پی سی سی آئی پاکستان اکنامک ریوائیول اینڈ گروتھ تھنک ٹینک کے چیئرمین ڈاکٹر گوہر اعجاز اور سابق نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈسٹری کیلئے فوری طور پر ونٹر پیکج کا اعلان کیا جائے جس کے تحت 20روپے فی یونٹ بجلی دی جائے۔آئی پی پیز اور بھاری انٹرسٹ ریٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ حکومت شرح سود کو فوری طور پر 12.5فیصد پر لے کر آئے اور31دسمبر سے پہلے 5فیصد کیا جائے۔

اس وقت شرح سود 9فیصد ہونا چاہیے تھی پورے خطے میں انٹرسٹ ریٹ سنگل ڈیجٹ میں ہے۔انہوں نے کہاکہ زراعت اور مینوفیکچرنگ سیکٹر چلے گا تو سروس سیکٹر چلے گا۔حکومت زراعت اور مینوفیکچرنگ سیکٹر پر بھی ٹاسک فورس بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت جلد دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بنے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہم ہر سال ایکسپورٹ میں 10فیصد اضافہ کرتے ہیں تو پانچ سال میں ہماری ایکسپورٹ 50بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نجکاری پالیسی کامیاب کرنی ہے تو بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال کیا جائے۔