ایف پی سی سی آئی کو حقیقی نمائندہ ادارے کے طور پربحال کرینگے،ایس ایم تنویر

101
FPCCI

کراچی۔ 01 جنوری (اے پی پی):یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلی ایس ایم تنویرنے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے انتخابات برائے 2024-2025 میں کامیابی حاصل کرنے پر یو بی جی کے تمام ممبران اور ایف پی سی سی آئی کی مینجنگ کمیٹی اور جنرل باڈی کے اراکین کومبارکباددی ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ میں یو بی جی کے مرکزی صدر زبیرطفیل، چیئرمین خالدتواب اورسیکریٹری جنرل سندھ زون حنیف گوہرنے بھی یونائٹیڈ بزنس گروپ کی ایف پی سی سی آئی الیکشن میں بے مثال کامیابی پر پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کومبارکباد پیش کی ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ یہ جیت یو بی جی ممبران کے غیر متزلزل عزم، جدوجہد اور پوری دلی لگن کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے یو بی جی کے تحت پاکستان کے تمام شعبوں میں تاجروں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم تاجر برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ نومنتخب صدر،سینئرنائب صدر اور نائب صدور ایف پی سی سی آئی کے حقیقی نمائندہ ادارے کے طور پر اپنے کردار کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے،

جو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کاروباری برادری کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ ایف پی سی سی آئی اپنی نئی قیادت میں کاروباری برادری کے ساتھ مضبوط روابط کو فروغ دے گا اور سب کی بہتری کے لیے باہمی تعاون سے کام کرے گا ۔