ایف پی سی سی آئی کی پاکستان برازیل بزنس کونسل کا پہلا اجلاس

82

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کی پاکستان برازیل بزنس کونسل 2022کا پہلا اجلاس ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس اسلام آباد میں نائب صدر عمر مسعود الرحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں برازیل کے سفیر اولینتھو ویرا نے بھی بطور مہمان خصوصی جبکہ چیئرمین پاک-برازیل بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی عارف محمود کے ہمراہ سعد مسعود الرحمان صدر مردان سی سی آئی، شہباز مجید، سابق صدر، شیر افغان ایس وی پی ہری پور سی سی آئی، زہیب خان، ای سی ممبر مردان سی سی آئی، خوش نور دیدارصدر وومن سی سی آئی گلگت ڈویژن سمیت دیگر اراکین کونسل نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکاء نے دوطرفہ تجارت پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت اور اتفاق کیا ۔برازیل کے سفیر نے اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک میں موجود امکانات پر زور دیا اور کہا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مواقع تلاش کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے برازیل سمیت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سی پیک کے ساتھ ابھرنے والے سرمایہ کاری کے مواقع پر مزید زور دیا۔ پاکستان اور برازیل کے جغرافیائی محل وقوع پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے زیادہ دور نہیں ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی معیاری مصنوعات کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان اور برازیل کی تاجر برادریوں کے درمیان کاروبار، باہمی افہام و تفہیم اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں برازیل کی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں اور پاکستان-برازیل کاروباری تعاون کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان برازیل تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوستانہ ہیں۔

برازیل پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے تجارت، تعلیم اور زراعت جیسے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے والے کلیدی شعبے ہیں۔چیئرمین پاکستان برازیل بزنس کونسل عارف ملک اور چیئرمین پاکستان بیلاروس بزنس کونسل سعد مسعود الرحمان اور دیگر نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع بہت اہم ہے اور برازیل کے سرمایہ کار سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے پاکستان پر توجہ دیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے پاکستانی ماربل، ٹیکسٹائل مصنوعات، چمڑے اور چمڑے کی مصنوعات، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات اور زرعی مصنوعات بشمول چاول، دالوں، پھلوں اور سبزیوں کے امکانات کو اجاگر کیا برازیل میں اچھی مارکیٹ تلاش کر سکتے ہیں۔