ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں نائب صدر کے تین امیدواروں کے انتخاب کیلئے یو بی جی کا وفد پرسوں کراچی کا دورہ کرے گا، شہزاد علی ملک

60

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے آئندہ الیکشن کیلئے نائب صدور کے تین امیدواروں کے انتخاب کیلئے یو بی جی کا 12 رکنی وفد 20 اگست کراچی کا دورہ کرے گا۔

جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی 20 رکنی کور کمیٹی کی سفارشات پر دو مشاورتی اجلاس منعقد کیے ہیں،سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد عاطف اکرام کو صدارتی امیدوار اور عارف جیوا کو سینئر نائب صدر کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثریتی ووٹوں کے ساتھ مکمل جمہوری انداز میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یو بی جی کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے 12 ارکان تفصیلی بحث و مباحثے کے لیے کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ متوقع امیدواروں کے بارے میں تاجر برادری سے رائے حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حتمی طور پر صرف ایسے امیدواروں کو ہی منتخب کیا جائے گا جو آسانی سے الیکشن میں کلین سویپ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سمیت تمام امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے عمل میں صرف میرٹ کی بالادستی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وفد ایف پی سی سی آئی سے منسلک مختلف تاجر تنظیموں سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ امیدواروں کے اعلان کے لیے انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت قانون کی حکمرانی، جمہوری نظام کے فروغ اور کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کے ذریعے قومی معیشت کی مضبوطی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔