ایف پی سی سی آئی کے امور پر تبادلہ خیال کیلئے یو بی جی کا اجلاس 11 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا، شہزاد علی ملک

233

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے 2023-24 کے لئے فیڈریشن کے منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر غور کیلئے گروپ کا اجلاس 11 جنوری کو اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔

اتوار کو یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے مومن علی کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر تجارت، وفاقی سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن سے ملاقات کر کے انہیں ایف پی سی سی آئی کے معاملات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر اور نائب صدور سمیت تمام عہدیدار یکم جنوری 2023سے اپنے عہدوں سے فارغ ہو چکے ہیں کیونکہ ان کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہو چکی ہے۔

نئے قانون کے مطابق ایف پی سی سی آئی کی دو سالہ مدت 2022سے نہیں بلکہ 2023 سے شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے وسیع تر مفاد میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے قانون کے مطابق انتظامات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت ہمیشہ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کسی کو بھی کسی بھی قیمت پر صنعتکاروں اور تاجروں کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اقتدارکے ایوانوں میں ان کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔