اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرﺅف عالم نے کہا ہے کہ معدنی اور انسانی وسائل سے مالا مال اسلامی ممالک ترقی کے دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ تمام مسلم ملک معاشی ترقی کے ایجنڈے پر متفق ہو کر کوشش کریں تو صورتحال بدل سکتی ہے۔ معیشت ، تعلیم، سماجی ترقی اورسائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کئے بغیر عوام کی قسمت بدلنا ناممکن ہے۔ انہوں نے یہ بات ترکی کے شہر قونیہ میں اسلامک چیمبر آف کامرس و زراعت کے صدر صالح عبداللہ کامل سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کا پوٹینشل بہت زیادہ مگر پیداوار کم ہے جسے بڑھانے کیلئے رکاوٹوں کا ادراک کر کے انھیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ دنیا کی تئیس فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے جبکہ 21.7 فیصد رقبہ بھی انکے زیر تسلط ہے مگر ان کی پیداوار سات کھرب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو عالمی جی ڈی پی کا صرف آٹھ فیصد ہے۔تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ریسرچ میں اسلامی ممالک کی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے جسکی وجہ سے گزشتہ پچاس سال میں بے شمار مواقع ضائع ہو گئے ہیں جبکہ دیگر ممالک نے ان شعبوں کو توجہ دے کر سرعت سے ترقی کی ہے۔