ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور کی نومنتخب جنوبی کورین سفیر سے ملاقات،دوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے تبادلہ خیال

113
FPCCI

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور امین اللہ بیگ اور عمر مسعود الرحمن نے پیر کے روز جنوبی کوریا کے نومنتخب سفیر پارک کی جون سے کورین سفارتخانے میں ملاقات کی، ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ سمیت پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا ۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت کے فروغ، ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر ایف پی سی سی آئی و چیئرمین کیپٹل آفس امین اللہ بیگ نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستان کوریا کے ساتھ ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا ایک ترقی یافتہ ملک ہے ،وہ پاکستان کو ٹیکنالوجی و مہارت منتقل کرکے ہماری معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کورین سفیر کو ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے دورہ کی دعوت بھی دی جو سفیر نے بخوشی قبول کرتے ہوئے جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر ایف پی سی سی آئی عمر مسعود الرحمن نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کو خام مال اور کپڑے و پھلوں سمیت متعدد اشیا برآمد کر سکتا ہے تاہم کوریا کی زرعی مصنوعات سمیت دیگر درآمدات پر عائد سخت شرائط پاکستان کیلئے تجارت کی راہ میں رکاوٹ ہیں لہذا جنوبی کوریا ان سخت شرائط پر نظرثانی کرے جس سے پاکستان کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں اور مزید کمپنیاں پاکستان میں توانائی ، کمیکل، انفراسٹرکچر کی ترقی اور مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر توجہ دیں۔

جمہوریہ کوریا کے سفیر نے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت، معیشت، برآمدات، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جو ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سفیر نے مزید کہا کہ "توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں کوریا کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان توانائی کی کمی پر قابو پا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ معیشت کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی آئی ٹی خدمات بھی برآمد کر سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں جنوبی کوریا نے اپنی جی ڈی پی میں 410 گنا اضافہ کیا ہے۔ دنیا کے بہت کم ممالک نے اتنی زبردست اور مسلسل اقتصادی ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے جنوبی کوریا کے ساتھ پاکستان کی برآمدات میں کمی کا رجحان ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے ان کے ملک کے ساتھ برآمدات کو بہتر کر سکتا ہے۔ کورین سفیر نے ایف پی سی سی آئی کا جلد دورہ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دے کر پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔