اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 110.78فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی)کی رپورٹ کے مطابق جولائی تافروری کے دوران ایف ڈی آئی سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 1.486ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران منافع جات کی منتقلی کا حجم 0.705ارب ڈالر رہاتھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جا ت کی بیرون ملک منتقلی میں 0.781ارب ڈالر یعنی 110فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق منافع جات کی منتقلی کے حوالے سے فوڈ سیکٹر سرفہرست رہا اور شعبہ کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران 290.6ملین ڈالرکے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں فوڈ سیکٹر کی جانب سے 97.4ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی تھی ۔ اسی طرح پاور سیکٹر233.5ملین ڈالر جبکہ فنانشل بزنس سیکٹر192.6ملین ڈالر منافع جات کی بیرون ملک منتقلی سے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574984