فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے کہا کہ بہت جلدایف ڈی اے سٹی میں حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام متعارف کروائیں گے جس سے امیدہے کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت غیر متعلقہ افراد اپنی واضح شناخت کروائے اور کوائف کے اندراج کے بغیر ایف ڈی اے سٹی کے مین گیٹ سے داخل نہیں ہوسکیں گے جس کی بدولت ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں میں احساس تحفظ بڑھے گا اور سرکاری و نجی املاک کی حفاظت بھی مزید بہتر انداز سے ہوسکے گی۔
اے پی پی سے بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں پولیس تھانے کے قیام کیلئے بھی محکمانہ اقدامات کو آگے بڑھایا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں وہ ضلعی و صوبائی پولیس سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ سکیورٹی سسٹم کو فعال اور مستحکم رکھنے کی حتی المقدور کوششیں جاری رہیں گی کیونکہ ان مضبوط حفاظتی اقدامات کی بدولت نہ صرف ایف ڈی اے سٹی فیصل آبادکے مکینوں کو تحفظ کا بھرپور احساس ہوگا بلکہ اس ہاؤسنگ سکیم میں گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند افراد تیزی سے ادھر رجوع کریں گے جو اس رہائشی سکیم کی ترقی اور آبادکاری کیلئے خوش آئند ہے۔