فیصل آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر منظورشدہ رہائشی سکیموں، تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے جس کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بلامنظوری قائم کی جانیوالی دوہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں، ایف ڈی اے کے ملکیتی تین پلاٹس پر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار اور گلستان کالونی میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی جانچ پڑتال کی تو فاطمہ گارڈن کے فیز تھری کو غیر منظورشدہ پایا جس میں غیرقانونی طورپر تعمیر کی جانیوالی سڑکوں، دیواروں اوردیگر تعمیرات کو مسمار کردیاگیا جبکہ احمدنگر میں ایف ڈی اے کے تین پلاٹس پر ناجائز قابضین کی طرف سے کی جانیوالی تعمیرات کو بھی مسمار کردیاگیا۔
علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی میں عزیزفاطمہ ہسپتال کے قریب دکانداروں کی تجاوزات کاخاتمہ کردیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ نے ڈویلپرز سے کہا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کیلئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر کارروائی کے دوران غیرقانونی تعمیرات کے مسمار کرنے کے نقصان کے وہ خود ذمہ دارہونگے۔انہوں نے ایف ڈی اے کے زیرکنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں مالکان سے کہاکہ وہ عارضی یا پختہ تجاوزات قائم اور بغیر منظوری تعمیرات کرنے سے اجتناب کریں جبکہ قبضہ مافیا بھی سرکاری اراضی پر غیر قانونی حرکات سے بازرہیں بصورت دیگر قانون شکن عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جائیں گے۔