فیصل آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی):ایف ڈی اے فیصل آبادکی انفورسمنٹ ٹیم نے دو غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی جبکہ غیر قانونی کمرشلائزیشن پر تین پلاٹس کو سربمہر اور گلبرگ کالونی سے پختہ تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیرنگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر227 رب اور چک نمبر216 رب کی اراضی ایس ایس ایونیو اور وادی صفا کے ناموں سے دو ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اور موقع پر ان کی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سیل کردیاگیا۔
ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی کمرشلائزیشن پر گلستان کالونی نمبر1 میں پلاٹ نمبر G-701 اور پلاٹ نمبر6WK جبکہ مدینہ ٹاؤن میں پلاٹ نمبر ASR.X.91 کو سربمہر کردیا اور ان کی بعض تعمیرات کو مسمار کردیاگیا۔دیگر کارروائی کے دوران ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران گلبرگ اے کے بازاروں میں پختہ تھڑوں، ریمپس اور دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کرکے راستوں کو کلیئر کردیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اےفیصل آباد محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں، غیر قانونی کمرشلائزیشن اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603550