ایف ڈی اے نے رہائشی جائیدادوں کو بلا اجازت کمرشل میں تبدیل کرنے پر7 پلاٹس سربمہر کر دیئے

69

فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی زیر کنٹرول رہا ئشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں رہائشی جائیدادوں کو بلا اجازت کمرشل میں تبدیل کرنے پر7 پلاٹس کو سربمہر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں رہائشی جائیدادوں کو چیک کیا تو ڈبلیو بلاک میں سات رہائشی پلاٹ کو کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کئے بغیر کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا تھا جنہیں فوری طور پر سیل کر دیا ۔ قانون شکنی پر مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیااور انہیں تاکید کی گئی ہے کہ وہ کمرشلائزیشن کی فوری منظوری حاصل کریں بصورت دیگر انہیں مزید قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔جن پلاٹس کو سربمہر کیا گیا ہے ان میں ڈبلیو بلاک کے پلاٹ نمبر,10,32,34,50,3,21اور 52 شامل ہیں۔