ایف ڈی اے نے غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف آپریشن کو اضافی آبادیوں تک وسیع کر دیا

101

فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف آپریشن کو اضافی آبادیوں تک وسیع کر دیا گیا ہے کیونکہ بعض ڈویلپرز اضافی آبادیوں کی آڑ میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیمیں قائم کرکے قانون شکنی میں ملوث ہیں۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے جھمرہ روڈ پر چار اضافی آبادیوں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا جبکہ اسی علاقہ میں ایک غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کے دفتر کو سربمہر کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سرپرستی میں انفورسمنٹ انسپکٹرز اسلم انصاری، اسلم گجر اور دیگر سٹاف پر مشتمل ٹیم نے جھمرہ روڈ (ڈرائی پورٹ روڈ)پر انسپکشن کی تو چک نمبر202 رب اور چک نمبر197 رب کی اراضی پرچار اضافی آبادیاں قائم کی جارہی تھیں

جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں سیوریج، سٹرکوں و دیگر غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے اجتناب کرتے ہوئے اضافی آبادیوں کی آڑ میں غیرقانونی سکیمیں قائم کرنے سے باز و ممنوع رہیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں کی صورت میں قصور واروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے چک نمبر197رب کی اراضی پر حیدر بلاک کے نام پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم قائم کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل ان کی قانونی حیثیت اور ریکارڈ کی ضرور چھان بین کرلیں تاکہ بعد میں انہیں کسی بھی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔