ایف ڈی اے نے ڈجکوٹ روڈ پر دکانداروں کے طرف سے قائم کی گئی تجاوزات کا صفایا کر دیا

26

فیصل آباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں عارضی و پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈجکوٹ روڈ پر دکانداروں کے طرف سے قائم کی گئی عارضی تجاوزات کا صفایا کر دیا اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا کاروباری سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا ۔ اس دوران12 دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے گئے جو بار بار وارننگ کے باوجود تجاوزات کرنے سے باز نہیں آ رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں

ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے انسپکشن کی تو ڈجکوٹ روڈ پر سٹیل اور اس سے تیار ہونے والی مختلف اشیاء کا کاروبار کرنے والے دکانداروں اور گودام مالکان نے کاروباری سامان رکھ کر روڈ کو تنگ کیا ہوا تھا جس کے باعث ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی تھیں جن کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے راستوں سے تجاوزات کی رکاوٹیں ہٹا دیں اور مزید قانونی کارروائی کے لئے12 دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی پراپرٹی کی حدود سے تجاوز نہ کریں اور عوامی راستوں کو روکنے سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر اس قانون شکنی سے باز نہ آنے والوں کے خلاف چالان جاری کرنے کے علاوہ فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان و میٹریل بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا۔