ایف ڈی اے کا تحصیل تاندلیانوالہ میں آپریشن، 5 غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے دفاتر سیل

75
شیخوپورہ،بغیر لائسنس ایل پی جی گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری،متعدددکانیں سیل

فیصل آباد ۔ 25 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقہ میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا جس کے دوران ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم کی طرف سے بلامنظوری قائم کی جانے والی5 ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیرنگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے تحصیل تاندلیانوالہ کے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو لائل پور سٹی،ماڈرن سمارٹ سٹی فیز فور،کینال ویلی،ماڈل سٹی بنگلاز اور اضافی آبادی چک نمبر89 کو ایف ڈی اے سے غیرمنظور شدہ پایا جس پر ان کے دفاتر کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا۔

ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ بلامنظوری ہاؤسنگ سکیموں کے قیام اور ترقیاتی کاموں سے گریز کریں اس سلسلے میں اشتہاری مہم یا پلاٹ فروخت کرنے سے بھی اجتناب کیا جائے۔اس ضمن میں پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز لینڈ سب ڈویژن رولز کی ہرصورت پابندی کی جائے بصورت دیگر قانون شکنی پر قصورواروں کے خلاف فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یاسرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال ضرور کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔