فیصل آباد۔ 09 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں بھاری مشینری اور پولیس فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں سوساں روڈ پر پختہ تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے سوساں روڈ کے دکانداروں کو بار بار مطلع کیا گیا کی وہ عارضی و پختہ تجاوزات کو از خود ختم کر لیں لیکن بعض دکانداروں نے تعمیل نہ کی جس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اور دکانداروں کی طرف سے راستوں کو روک کر ناجائز تعمیر کئے گئے پختہ تھڑوں، کاؤنٹر سیڑھیوں اور دیگر تعمیرات کو ایکسویٹر مشین کے ذریعے اکھاڑ کر تجاوزات کا صفایا کر دیا۔
دکانداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے اور عوامی راستوں کو روکنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر نہ صرف ناجائز تعمیرات کو مسمار کردیا جائیگا بلکہ قصورواروں کے خلاف فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف ڈی اے انتظامیہ نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی مستقل بنیادوں پر جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کے لئے مسائل اور عوام کے لئے مشکلات کا باعث بننے والی تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔