فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے صنعتی، تجارتی، کاروباری شہر ہونے کے ناطے تمام ترقیاتی پالیسیوں میں ایوان صنعت وتجارت سے بھرپور مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور کہاہے کہ فیصل آباد شہر کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے فیصل آباد ترقیاتی ادارہ فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشاورت سے نئی حکمت عملی وضع کریگا تاکہ شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے ایک بہترین سٹی بنانے میں مدد مل سکے۔
ایف ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ صنعتی تجارتی اور کاروباری شہر ہونے کے ناطے سے فیصل آباد چیمبر کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ٹیکسٹائل سٹی کی ترقیاتی پالیسیوں کے سلسلہ میں چیمبر سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ ترقیاتی حکمت عملی کو تاجروں کی توقعات سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
دریں اثنا ایوان صنعت تجارت فیصل آباد کے نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اپنے ممبران کے مفادات کے تحفظ کیساتھ ساتھ شہر کی ترقی کیلئے اپنی سوشل کارپوریٹ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے بھی پوری طرح کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں ایف ڈی اے سمیت تمام دیگر سرکاری اداروں کے علاوہ عوامی مفاد کی تنظیموں سے بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ محمد آصف چوہدری کی قیادت میں نہ صرف اس ادارے کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہو گا بلکہ اس ادارے سے وابستہ عوامی توقعات کو بھی زیادہ بہتر طور پر پورا کیا جا سکے گا۔