فیصل آباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):ایف ڈی اے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے غور وخوض کے بعد ایف ڈی اے کے مالی سال26-2025 کیلئے 8 ارب 91 کروڑ 82 لاکھ روپے کے تخمینہ جات پر مشتمل بجٹ تجاویز کی ابتدائی منظوری دی ہے جو حتمی منظوری کے لئے گورننگ باڈی کے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔ یہ منظوری فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران دی گئی جو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے محمدآصف چوہدری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ا یف ڈی اے قیصرعباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب، سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب، سیکرٹری فنانس پنجاب، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور واسا کے نمائندہ افسران سید نوید اقبال، فرخ رشید، شعیب رشید و دیگر شریک ہوئے جبکہ شعبہ ٹاؤن پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف و دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے رواں مالی سال کی بجٹ تجاویز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ کے مالی استحکام اور انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے یہ تجاویز بھرپور جانچ و توجہ اور عرق ریزی سے مرتب کی گئی ہیں تاکہ اس بجٹ کے ذریعے مختلف اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ کرکے جدید و منظم انداز میں انتظامی، تعمیری اور ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنایاجا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام /ایڈیشنل سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چھ ارب 36 کروڑ 22 لاکھ روپے کی تجاویز رکھی گئی ہیں جبکہ تنخواہوں میں اضافہ کے باوجود غیر ترقیاتی اخراجات پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریونیو ٹارگٹ میں چھ کروڑ روپے اضافہ کے علاوہ ہاؤسنگ سکیموں میں عمارات کے نقشہ جات کی منظوری کی مدد میں ایک کروڑ روپے کی متوقع آمدن بھی تجاویز میں شامل ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی منظوری سے سولرائزیشن کے منصوبے پر عملدرآمد سے بجلی کی مد میں سالانہ ایک کروڑ کی بچت ہوئی ہے
جبکہ کمشنر فیصل آباد کی ہدایات پر شہری خوبصورتی کے منصوبوں کے لئے ایک کروڑ روپے کے فنڈز بھی تخمینہ جات میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامی و مالیاتی امور اور دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تعمیری بجٹ تجاویز تیار کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند اور شعبہ فنانس کے افسران کی محنت کوسراہا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے بجٹ تجاویز کی تیاریوں کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تخمینہ جات میں انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور ریونیو میں اضافہ کی ترجیحات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بجٹ تجاویز اور ان کے تخمینہ جات تفصیلی انداز میں زیر بحث آئے اور اتفاق رائے کے ساتھ بجٹ برائے سال 26-2025کی تجاویز کی ابتدائی منظوری دی گئی جبکہ اس موقع پر گزشتہ سال 2024/25 کے نظر ثانی شدہ بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔