ایف ڈی اے کے آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے، ڈی جی ایف ڈی اے

8

فیصل آباد ۔ 19 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ادارے کے آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے اس سلسلے میں شہری ترقی اور عوامی بہبود کے تقاضوں کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے بجٹ تجاویز کے جائزہ کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ذرائع آمدن میں اضافہ اور اخراجات میں معقول حد تک کمی لانے کیلئے تجاویز مرتب ہونی چاہیئے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ڈائریکٹرز کانفرنس طلب کی جس میں سالانہ بجٹ کے حوالے سے مختلف اہداف و تخمینہ جات، ترقیاتی پہلوؤں، غیر ترقیاتی اخراجات و دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف ودیگر افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی جی نے تجویز کردہ تخمینہ جات کے اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے مشاورت کے ساتھ بعض اخراجات کے حساب پر نظر ثانی کی اور کہا کہ ذرائع آمد ن کے اہداف کو حقیقت پسندانہ بنائیں تاکہ مالی استحکام میں رخنہ اندازی کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی خود کفالت کے منصوبوں کو مدنظر رکھیں اور اخراجات کو کم ازکم سطح پر لانے کی کوشش کی جائے۔ اجلاس کے دوران متعدد تجاویز کو حتمی شکل دی گئی جبکہ بعض تجاویز پر مشاورت جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،اس سلسلے میں حتمی تجاویز کا جائزہ ڈی جی ایف ڈی اے لیں گے۔