فیصل آباد۔ 13 اگست (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے زیر اہتمام یوم آزادی جوش وجذبے سے منایا جا ئے گاجس کےلئے مختلف پروگرام ترتیب دے دیے گئے ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں یوم آزادی کے پروگرامز کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ بدھ کی صبح جشن آزادی کے حوالے سے ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں دعائیہ تقریب منعقد ہوگی جس میں تحریک آزادی کے شہداکی ارواح کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی قومی یکجہتی، امن و آشتی اور وطن عزیز کی بقا و سلامتی کےلئے خصوصی دعا ہوگی۔
ایف ڈی اے کمپلیکس اور تمام ذیلی دفاتر کو قومی پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی کی خوشیوں کے موقع پر وطن سے محبت کے جذبات اجاگر کرنے، ملک وقوم کی خدمت کے عہد کی تجدید اور پاکستان کےلئے دعاؤں کی تحریروں پر مبنی بینرز و سٹیمر ز شہر کی مرکزی شاہرا ہوں ، چوکوں اور دیگر اہم مقامات پر آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ 14اگست کو پرچم کشائی کی تقریب ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا جائے گا۔
یوم آزادی کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل پبلک سکول و کالج کے کیمپس کے قیام کےلئے عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جا ئے گا جس کی مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد سلوت سعیدہوں گی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری بدھ کی صبح کمشنر آفس فیصل آباد میں منعقدہ قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کریں گے اور جشن آزادی کے دیگر رنگارنگ پروگرامز میں حصہ لیں گے۔