ایلیٹ اہلکاروں کو لانگ رینج اسلحہ و نائٹ ویژن ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دی جائے، آئی جی پنجاب

94
آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات، مسائل کے فوری ریلیف کےاحکامات جاری

لاہور۔13نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ کچھ دریائی علاقوں میں دہشت گردوں، شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد سے نبرد آزما ہونے کیلئے ایلیٹ اہلکاروں کی ٹریننگ کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات لاہور میں سوموار کو ایلیٹ ٹریننگ سکول و ہیڈ کوارٹرز بیدیاں کے دورے کے موقع پر دیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایلیٹ اہلکاروں کو لانگ رینج اسلحہ اور نائٹ ویژن ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دی جائے، دشوار گزاراور پر خطر پہاڑی علاقوں میں مجرموں کی سرکوبی کیلئے ایلیٹ اہلکاروں کو جدید ترین اسلحہ اورٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ایلیٹ اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور سکلز کے مطابق ٹریننگ فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ایلیٹ اہلکاروں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بہترین خوراک اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ترجمان کے مطابق انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سکول و ہیڈ کوارٹرز بیدیاں میں جاری ترقیاتی کاموں اور ایلیٹ فورس افسران و اہلکاروں کے قیام کیلئے زیرِتعمیر رہائشی بلاکس کا جائزہ بھی لیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ایلیٹ ٹریننگ سکول میس ، کینٹین اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا،ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز ایلیٹ فورس ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر ندا عمر چٹھہ نے انہیں ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ڈی آئی جی ایلیٹ صادق علی ڈوگر نے انہیں پیشہ وارانہ امور بارے آگاہ کیا۔اس موقع پرایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ڈی آئی جی ایلیٹ صادق علی ڈوگر، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میجر احمد نیازی، آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز ایلیٹ ڈاکٹر ندا عمر چھٹہ، میجر کلیم اللہ سمیت سینئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔