اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):ایل این جی کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں ایل این جی کی درآمدات پر 3.946 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 3.764 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔ جون 2024 میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 369 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 26 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سا ل جون میں ایل این جی کی درآمدات پر 292 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں ایل این جی کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مئی میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 324 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو جون میں بڑھ کر 369 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال 2024 میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کا حجم 16.910 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو مالی سال 2023 کے 17.015 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 0.6 فیصد کم ہے۔