سیالكوٹ۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سول ڈیفنس آفیسر کی زیرنگرانی ایل پی جی گیس کے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، یکم جولائی سے اب تک 676 ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر اور سیلز کی دکانوں ، گوداموں اور منی پیٹرول پمپس کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں، 176غیر قانونی ایل پی جی کی ڈی کنٹنگ اور پیٹرول فروخت کرنے کی پاداش میں87 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے،15 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ،39 افراد کی موقع پر سے گرفتاری عمل میں لائی گئی اور مجموعی طور پر 3 لاکھ 24 ہزار روپے جرمانے کئے گئے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،ایمرجنسی ریسکیو 1122 اور روز ویلفئیر آرگنائزیشن کے اشتراک سے آسمانی بجلی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے محفوظ رہنے کیلئے شدید گرج چمک کے دوران گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کڑکنے کی آواز سنیں تو فورا کسی عمارت کے اندر محفوظ مقام پر چلے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر بارش تیز ہورہی ہو تو اس کے آہستہ ہونے کا انتظار کریں اور جب تک بجلی گرنے کا خطرہ ہو تو درخت کے نیچے پناہ نہ لیں کیونکہ گیلے درخت سے بجلی انسانی جسم تک جاسکتی ہے، کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کریں۔