لاہور۔17جنوری (اے پی پی):ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹیموں کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان،غیرقانونی تعمیرات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر بھرپور آپریشن جاری ہے۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روزمختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 79 املاک سربمہرجبکہ متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے پائن ایونیو، ڈیفنس روڈ، سبزہ زار،گلشن راوی، شادمان،کینال روڈ کے اطراف میں کارروائیاں کیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے پائن ایونیو، ڈیفنس روڈ پرزیر تعمیرغیرقانونی گھر مسمار کر دیا، ایڈن آباد میں غیرقانونی دکانیں مسمار کر دیں،شانو بابا چوک ڈیفنس روڈ غیرقانونی کمرشل بلڈنگ مسمار کر دی۔
ٹیموں نے سبزہ زار میں 39، گلشن راوی، شادمان، کینال روڈ کے اطراف میں 40غیر قانونی کمرشل املاک سیل کر دیں۔سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بیکری، فو ڈ پوائنٹ،دکانیں، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔آپریشن چیف ٹائون پلانرون اسد الزمان اور چیف ٹائون پلانر ٹواظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔