لاہور۔2مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی ہدایت پر سبزہ زار اور علامہ اقبال ٹائون میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے علامہ اقبال ٹائون کے نیلم بلاک میں آپریشن کر کے شیڈز، تھڑے، ریمپس اور دیگر تجاوزات مسمارکر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے سبزہ زار سکیم کے این اور ایم بلاک میں بھی آپریشن کیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے اب تک علامہ اقبال ٹاون کے12 جبکہ سبزہ زار کے15 بلاکوں میں آپریشن کیا ہے۔ایل ڈی اے ٹیمیں مین شاہراہوں کے ساتھ گلیوں میں بھی تجاوزات مسمار کر رہی ہیں۔سبزہ زار اور علامہ اقبال ٹائون میں آپریشنز کی نگرانی ایڈیشنل ڈی جی یوپی اور ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر کر رہے ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے سکیموں میں گرین بیلٹ اور پارکنگ روڈ لیول پر کرنے کی اجازت ہے۔
شہری پارکنگ شیڈ، تھڑے، پختہ سٹرکچر ہرگز نہ بنائیں۔شہریوں سے درخواست ہے کہ گھروں کے باہر بنی تجاوزات ازخود مسمار کردیں۔ایل ڈی اے کی دیگر سکیموں میں بھی آپریشن جلد شروع کیا جائے گا۔آپریشن میں ڈائریکٹر انفورسمنٹ فراز احمد،ڈائریکٹر ہاوسنگ تھری ظفر اقبال، ڈائریکٹر ہائوسنگ فور محمد طیب،ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے شرکت کی۔