لاہور۔3جون (اے پی پی):ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روزمختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے141املاک سربمہرکر دیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے شادمان، شاہ جمال، گلشن راوی، مین یو بی ڈی کینال روڈ، شادباغ، گلبرگ، ویسٹ ووڈ ہاسنگ سوسائٹی، ٹی آئی پی سوسائٹی، وحد ت روڈ، سبزہ زار سکیم میں آپریشن کیا۔غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پرگلبرگ 20املاک،شادمان، شاہ جمال، گلشن راوی
مین یو بی ڈی کینال روڈ، شادباغ میں 69املاک سیل کر دیں۔ ٹیموں نے ویسٹ ووڈ ہاسنگ سوسائٹی، ٹی آئی پی سوسائٹی، ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں کمرشل فیس، پینلٹی فیس کی عدم ادائیگی پر 31املاک سربمہر کر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکور ی آپریشن کے دوران وحد ت روڈ،سبزہ زار میں 21املاک سربمہر کر دیں۔سیل کی گئی املاک میں نجی کالج، بیکری، سکول، کلاتھ شاپ، پینٹ شاپ، بلڈنگ میٹریل شاپس، اسٹیٹ آفس، گراسری سٹور، فوڈ پوائنٹ، ورکشاپ، دکانیں، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن چیف ٹائون پلانرون اسد الزمان اور چیف ٹائون پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پرغیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔