ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرزمیں پنجاب موٹرویز ایمبولینس اور گلگت بلتستان کے 447 ریسکیورز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب

109
ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرزمیں پنجاب موٹرویز ایمبولینس اور گلگت بلتستان کے 447 ریسکیورز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب

لاہور۔25فروری (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب موٹرویز ایمبولینس سروس اور گلگت بلتستان کے 447 ریسکیورز سے حلف لیا اور انہیں بنیادی ریسکیو تربیت کامیابی سے مکمل کرنے اور زندگیاں بچانے والی ایمرجنسی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔تربیت مکمل کرنے کے بعد یہ ریسکیورز پنجاب بھر میں موٹرویز پر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے تعینات ہوں گے جبکہ گلگت بلتستان کے ریسکیورز اپنے صوبے میں ایمرجنسی سروسز فراہم کریں گے۔

پنجاب موٹرویز ایمبولینس سروس اور گلگت بلتستان کے لیے تربیت یافتہ ریسکیورز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق تھے۔ وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، پارلیمانی سیکرٹری ضیا اللہ شاہ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر، ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کے سینئر افسران سمیت بڑی تعداد میں ریسکیورز اور ریسکیو انٹرنیز نے پاسنگ آئوٹ پریڈ دیکھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز، ان کے خاندانوں اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی قیادت میں پنجاب نے کئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں جن میں ایئر ایمبولینس سروس، پاک لائف سیور پروگرام، ریسکیو اسکائوٹس کی تربیت، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز اور 56 نئے شہروں میں ایمرجنسی سروسز کی توسیع شامل ہے ۔

ایئر ایمبولینس سروس دور دراز علاقوں کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے ایک عظیم منصوبے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیااور آج بہاولنگر اور بہاولپور سے 71 مریض ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کئے جا چکے ہیں ، موٹروے ایمبولینس پنجاب کی 1588 کلومیٹر طویل موٹرویز کے 76 انٹرچینجز پر ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

صوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر نے پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے انسانی خدمت سے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ،آج پنجاب ایمرجنسی سروس جس مقام پر ہے یہ سب سیکرٹری ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور انکی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بائیک ریسکیورز کا پروپوزل دیا گیا تو بہت لوگوں نے اس سے انکار کیا تھاآج بائیک ریسکیورز نے ثابت کیا کہ وہ لاکھوں جانیں بچانے والا پراجیکٹ بن چکا ہے۔ پارا چنار میں ریسکیورز نے ائیر ایمبولینس کے ذریعے وہاں کے لوگوں کے لیے ادویات پہنچائیں جو ہم سب کیلئے سکون کا باعث ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری ضیا اللہ شاہ نے نئے پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ اپنی کمیونٹیز کی خدمت لگن کے ساتھ کریں اور اعلی معیار کو برقرار رکھیں۔ پنجاب گورنمنٹ کے فلاحی منصوبے جن میں ایئر ایمبولینس، موٹروے ایمبولینس سروس، ٹائون لیول پر ایمرجنسی سروس کی توسیع اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کا قیام شامل ہےحکومت کی عوامی فلاح کے لیے وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے قیام سے لے کر اقوام متحدہ سے انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ زلزلے میں ریسپانس تک کے سفر پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2004 سے اب تک ایمرجنسی سروسز نے 1 کروڑ 67 لاکھ سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا، 2,54,800 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کی اور 701 ارب روپے کے نقصانات کو بچایا۔

موٹربائیک ریسکیو سروس نے 31 لاکھ سے زائد ایمرجنسی کیسز میں اوسطاً 4 منٹ میں ریسپانس سے ریسکیو سروسز فراہم کیں جبکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے پاکستان بھر میں 25,600 سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت فراہم کی اور تمام صوبوں کو تکنیکی و تربیتی معاونت بھی فراہم کر رہی ہے۔اس سے قبل پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے بہترین کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو شیلڈ تقسیم کیں۔