راولپنڈی۔1اپریل (اے پی پی):ایمرجنسی سروس ریسکیو راولپنڈی نے عید الفطر کے پہلے دن حادثات اور ہنگامی واقعات کے اعداد وشمار جاری کر دیئے جس کے مطابق 241 مختلف نوعیت کی ایمرجنسی کالز پر متاثرین کو بروقت سروسز فراہم کی گئیں۔
ریسکیو راولپنڈی کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عثمان گجر نے اے پی پی کو بتایا کہ عیدالفطر کے پہلے دن مجموعی طور پر ریسکیو 1122 راولپنڈی ہیلپ لائن پر 256 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔
ان حادثات اور ہنگامی واقعات میں روڈ ٹریفک حادثات، آگ لگنے، جرائم، طبی مسائل اور مختلف نوعیت کے واقعات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو راولپنڈی کو 73 روڈ ٹریفک حادثات اور 20 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ترجمان کے مطابق 123 طبی طور پر بیمار افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں باحفاظت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو راولپنڈی نے 256 حادثات اور ہنگامی واقعات میں 241 افراد کو بروقت ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے ایام میں خصوصی ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت ایک کال پر میسر ہے۔ ریسکیو پر پاکستانی عوام کا اعتماد ہمارا نایاب سرمایہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577808