ایمرجنگ ایشیا کپ، پاکستان اے نے سری لنکا کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

164
کوالیفائی کرلیا
ایمرجنگ ایشیا کپ، پاکستان اے نے سری لنکا کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کے 322 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 262 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، عمیر یوسف نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ارشد اقبال کو 37 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کو اوول کولمبو میں کھیلے گئے ایمرجنگ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اے نے مقررہ 50 اوورز میں 322 رنز بنائے، عمیر یوسف نے 79 بالوں پر 88 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ کپتان محمد حارث 52 اور مبصر خان 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، طیب طاہر 26، محمد وسیم 24 اور اوپنر سائم ایوب 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا اے کی طرف سے لہیرو سماراکون، پرامود مدوشان اور چمیکا کرونارتنے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساہان اور ویلالاگے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان اے کے 323 رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں سری لنکا اے کی پوری ٹیم 45.4 اوورز میں 262 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

سری لنکن اوپنر اویشکا فرنینڈو اور ساہان اراچیگے نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، دونوں 97,97 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ پاکستان اے کے بائولر ارشد اقبال نے 37 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انہیں اس پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مبصر خان اور سفیان مقیم نے دو دو جبکہ عماد بٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان اے سری لنکا کو سیمی فائنل میچ میں 60 رنز سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ایمرجنگ کپ کا فائنل23 جولائی اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔