ایمرجنگ ایشیا کپ ، سری لنکا اے نے بنگلہ دیش اے کو 19رنز سے شکست دے دی

152
Emerging Asia Cup
Emerging Asia Cup

اومان۔22اکتوبر (اے پی پی):اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں سری لنکا اے نے بنگلہ دیش اے کو دلچسپ مقابلے کے بعد 19رنز سے شکست دے دی، سری لنکا کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی، دوشان ہیمانتھا کو بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کے روز الامارت کرکٹ گرائونڈ اومان میں کھیلے گئے ایمرجنگ ایشیا کپ کے 10ویں میچ میں سری لنکا اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے، پون رتھنائیکے نے 26 بالوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، سہان اراچیگے 30، لہیرو اڈارا 35 اور یشودھا لنکا 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیشی بائولرز ریجا الرحمان راجہ اور رپون مونڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محفوظ الرحمان اور سیف حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

سری لنکا اے کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنا سکی، ابو حیدر نے 38 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ سیف حسن 29 اور پرویز حسین ایمون 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ سری لنکن بائولر دوشان ہیمانتھا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نمیش ویموکتھی رمیش مینڈس، ایشان ملینگا اور نیپون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا کی ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرپائی ہے۔