ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ، پاکستان نے نیپال کو 9 رنز سےہرا دیا

121
صدر فیصل آباد چیمبر

لاہور۔13جون (اے پی پی):ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں طوبی حسن اور سیدہ عروب شاہ کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پاکستانی ویمنز ٹیم کو نیپال اپنے پہلے میچ میں9 رنز سے ہرا دیا۔

ترجما ن کے مطابق ہانگ کانگ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19.2 اوورز میں 87 رنز بناکر آئوٹ ہوگئ، اور اس نے نیپال کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستانی بولرز اس کم سکور کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 6وکٹوں پر78 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

نیپال کی کپتان روبینہ چیتری نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی طرف سے پہلے ہی اوور میں ایمان فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے کبیتا کنور کی گیند پر آئوٹ ہوگئیں۔32 کے مجموعی سکور پر کبیتا جوشی نے اپنے ایک ہی اوور میں صدف شمس( 12) اور نتالیہ پرویز( صفر ) کو آٹ کردیا جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔گل فیروزہ 11 ،ناجیہہ علوی 5 اور ام ہانی ایک رن بنا سکیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بنائے۔

پاکستانی ویمنز ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ 28 رنز شوال ذوالفقار نے سکور کیے جس میں ایک چوکا شامل تھا۔نیپال کی طرف سے فاسٹ بائولر اندو برما نے تین اوورز میں صرف 6 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

کبیتا جوشی جبکہ کبیتا کنور اور سیتا رانا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستانی بائولر ز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے نیپال کی ٹیم نہ ٹک سکی اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت مضبوط بنادی۔ آخری اوور میں نیپال کو جیتنے کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف 7 رنز دیئے ۔کبیتا کنور 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں،سیدہ عروب شاہ نے 16 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔

طوبی حسن نے 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔نیپال کی کبیتا کنور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔انہوں نے20 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعرات کے روز ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔