ایمریٹس ائیرلائن کے کامیاب آپریشنز کے 25 سال مکمل ہونے پر تقریب کا اہتمام

113
ایمریٹس ائیرلائن کے کامیاب آپریشنز کے 25 سال مکمل ہونے پر تقریب کا اہتمام

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):پاکستان سول ایویشن اتھارٹی اور ایمریٹس ائیرلائن نے ایئر لائن کے کامیاب آپریشنز کے 25 سال مکمل ہونے پر ایک تقریب کا اہتمام کیا اور خطے میں ایئر لائن کے سفر اور اس میں ہوائی اڈے کے کردار کا اعتراف کیا گیا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ہوائی اڈے پر ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایمریٹس کی انتظامیہ نے شاندار خدمات پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ ہوائی اڈے کے حکام کو پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف اور کامیاب ایئر لائن آپریشنز کو یقینی بنانے کے اعتراف میں چیئرمین ایمریٹس ایئرلائنز اور گروپ کے سی ای او شیخ احمد بن سعید المخدوم کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی جس میں پی سی اے اے اور ایمریٹس کے کامیاب مشترکہ سفر کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعادہ کیا گیا۔ 1999 کے بعد سے ایمریٹس نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ میں چار پروازوں سے بڑھ کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہر ہفتے دس پروازیں کر دی ہیں جو علاقائی رابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایئرلائن کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد ہوائی اڈے اور ایئر لائن انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا سے جوڑنے، بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے اور علاقائی اقتصادی اور ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایمریٹس کے عالمی معیار کے بہترین ہوائی سفر کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور یہ سالگرہ اس مشترکہ عزم کی پائیدار کامیابی کا ثبوت ہے۔