ایم ایل ون منصوبہ کے انتظامی امور کیلئے نجی شعبہ سے قابل ترین افراد لینے کا فیصلہ

127

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ریلوے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم ایل ون منصوبہ کے انتظامی امور کیلئے نجی شعبہ سے قابل ترین افراد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے آپٹیکل فائبر پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے تکنیکی کمیٹی کو سفارشات جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ تیل کی بحفاظت ترسیل کیلئے ڈی کینٹنگ کے اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے۔ خواجہ سعد رفیق نے شرح آمدن بڑھانے کیلیے تیل بردار گاڑیاں مکمل لوڈ کے ساتھ چلانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ تیل بردار گاڑیوں کی آمد رفت کا وقت کم کرنے کیلئے پی ایس او حکام سے بات کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹرین برانڈنگ اور دوران سفر تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلیے کام تیز کیا جائے، اجلاس میں گرین لائن ٹرین کی تجویز سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔