ایم ڈی نیشنل پولیس فائونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس

ایم ڈی نیشنل پولیس فائونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں نیشنل پولیس فائونڈیشن کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ہائوسنگ سیکٹر سے متعلق امور، انتظامی معاملات اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):ایم ڈی نیشنل پولیس فائونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں نیشنل پولیس فائونڈیشن کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ہائوسنگ سیکٹر سے متعلق امور، انتظامی معاملات اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی نیشنل پولیس فائونڈیشن نے افسران کو تمام منصوبوں میں پیشہ وارانہ معیار، میرٹ اور ادارہ جاتی شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھنے اور پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل پولیس فائونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر اِن چیف نیشنل پولیس فائونڈیشن ، بریگیڈیئر (ر) احمد نواز سمیت ادارے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نیشنل پولیس فائونڈیشن کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ہائوسنگ سیکٹر سے متعلق امور، انتظامی معاملات اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر افسران نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، مالی و انتظامی شفافیت، وسائل کے موثر استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔اجلاس میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ تمام ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور ہر مرحلے پر اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں مختلف منصوبوں کو درپیش چیلنجز، ان کے ممکنہ حل، نگرانی کے نظام اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈی نیشنل پولیس فائونڈیشن نے افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے تمام منصوبوں میں میرٹ، شفافیت، جوابدہی اور پیشہ وارانہ مہارت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس فائونڈیشن پولیس افسران، جوانوں اور ان کے اہلِخانہ کو معیاری رہائشی، فلاحی اور سہولتی خدمات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں مستقبل کے فلاحی، ترقیاتی اور ہائوسنگ منصوبوں کے لئے موثر حکمتِ عملی مرتب کرنے، قانونی و انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور مجموعی کارکردگی کو مزید موثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز اور سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ بندی، موثر نگرانی اور شفاف انتظامی نظام کے ذریعے نیشنل پولیس فائونڈیشن کے فلاحی مشن کو مزید مستحکم اور فعال بنایا جائے گا تاکہ پولیس فورس اور ان کے اہلِ خانہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور خدمات فراہم کی جا سکیں۔

مزید خبریں