ایم ڈی واسافیصل آبادکی شیخوپورہ روڈ کی سمارٹ ڈرین کی خصوصی ڈی سلٹنگ کرنے کی ہدایت

55
ایم ڈی واسافیصل آبادکی شیخوپورہ روڈ کی سمارٹ ڈرین کی خصوصی ڈی سلٹنگ کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 02 مارچ (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے شیخوپورہ روڈ کی سمارٹ ڈرین کی خصوصی ڈی سلٹنگ کرنے کی ہدایت کی ہے، اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ حاجی آباد،غازی آباد میں سیوریج مسائل کا پائیدار حل نکالا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فقیر حسین ڈوگر سے ملاقات کے دوران متعلقہ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز عثمان ضیاء، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی، ڈائریکٹر آپریشنز ویسٹ مخدوم بابر، ڈائریکٹر ڈرینج فرحان اکرم و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فقیر حسین ڈوگر نے اپنے حلقہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے حوالے سے نشان دہی کی جس پر ایم ڈی واسا نے یقیں دہانی کرائی کہ کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لیے ہمہ تن کوشاں ہے اور سروسز ڈیلیوری کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ڈائریکٹر ڈرینج کو تاکید کی کہ شیخوپورہ روڈ کی سمارٹ ڈرین کی خصوصی ڈی سلٹنگ اور صفائی کروائی جائے، جبکہ ڈائریکٹر آپریشنز ملحقہ علاقے حاجی آباد، غازی آباد کی سیوریج لائنوں کی صفائی کی بھی خصوصی مہم شروع کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈرینج اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ کے لئے اپ ڈیٹ شیڈول جاری کیا جائے جس کے مطابق روانہ کی بنیاد پر ڈی سلٹنگ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ شہریوں کے سیوریج مسائل پائیدار طریقے سے حل ہو سکیں۔