ایم ڈی واسانے شہر بھر میں غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کی ہدایت کردی

152

فیصل آباد۔ 20 اگست (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے شہر بھر میں غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کے تحت صنعتی، کمرشل اور گھریلو غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کیلئے ایسٹ اور ویسٹ زون میں خصوصی سکواڈز تشکیل دیدیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایسے صارفین جو کہ واسا کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں لیکن وہ واسا کی نکاسی و فراہمی آپ کی سروسز استعمال کر رہے ہیں ایسے غیر قانونی کنکشن رکھنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کرنے کا پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کے لئے خصوصی سکواڈز قائم کئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر عرفان کو ویسٹ ایریا اور علی حسن کو ایسٹ ایریا میں انچارج مقرر کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ دونوں خصوصی سکواڈز روزانہ کی بنیاد پر 20،20 غیر قانونی کنکشن منقطع کریں گے۔

اس ضمن میں ایم ڈی واسا عامر عزیز نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری مہم میں بھی تیزی لانے کیلئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے تحت کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے واسا سروسز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے صارفین جو اپنا ماہانہ بل جمع نہیں کرواتے ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔