لاہور۔23اپریل (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں منگل کے روز ہونے والی بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر ایم ڈی واسا نے یہاں ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے۔واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ مزیدبارشوں کی پیشن گوئی کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے،تمام جنریٹرز آپریشنل اور سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں،بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل سٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے۔