ایم ڈی واسا نے صوبائی دارالحکومت میں مزید بارشوں کے پیش نظر عملہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی

3

لاہور۔22جون (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں اتوار کو مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، مزید بارشوں کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد کی خصوصی ہدایات پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

ایم ڈی واسا نے یہاں ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پری مون سون ایمرجنسی کیمپ پر تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاسز پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے ، واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز سے چلایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزیدبارشوں کی پیشنگوئی کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے، بارش کے بعد زیادہ تر علاقوں کو بروقت بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام جنریٹرز آپریشنل اور سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔