ایم ڈی واسا نے محرم الحرام کے دوران روٹس کلیئر رکھنے کیلئے قبل از وقت چیکنگ کرنے کی ہدایت کر دی

30

فیصل آباد ۔ 03 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے محرم الحرام کے دوران روٹس کلیئر رکھنے کے لئے قبل از وقت چیکنگ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ متعلقہ ڈسپوزل سٹیشنز میں پمپس مکمل کیپسٹی کے ساتھ آپریشنل رکھے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ستیانہ روڈ پر پی ایس 31 اور پی ایس 42 ڈسپوزل سٹیشنز کے دورہ کے دوران جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز زین العابدین بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے ڈسپوزل سٹیشز کے وزٹ کے دوران وہاں آپریشنل پمپس کی کیپسٹی اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی مشن ہے جس کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بالخصوص عاشورہ محرم کے اختتام تک جلوسوں اور مجالس کے روٹس مکمل طور پر کلیئر رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ،جن کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کو کلیئر رکھنے کے لئے قبل از وقت متعلقہ روڈز کی چیکنگ کی جائے تاکہ سیوریج سے کلیئر روٹ پر جلوس گزر سکے ۔اسی طرح متعلقہ جلوس روٹ پر کسی بھی مین ہول کا کور مسنگ نہیں ہونا چاہئے اوراس میں کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کی مختصر وقت میں تکمیل کے لئے بھی تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں تاکہ شہریوں کو پانی کے بروقت اخراج کی سہولیات مہیا کی جاسکیں۔