فیصل آباد۔ 09 جون (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے مختلف پورٹلز پر درج شکایات کو ایک ہفتہ میں حل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی جبکہ سیف آباد، شمس آباد، برکت پورہ اور مانانوالہ میں ہر وقت ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واسا ہیڈ آفس میں شکایات کے ازالے کے لئے کئے جانیوالے اقدامات کے جائزہ اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں کوتاہی یا غفلت برتنے والے افسران و سٹاف کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جائیں گے کیونکہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی واسا کی اولین ذمہ داری ہے جو تمام افسران کی ترجیحات میں سر فہرست ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر پیک آورز میں اپنے متعلقہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو چیک کریں گے جس کے تصاویری ثبوت واٹس ایپ کئے جانا لازمی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشنز کی شکایات کا ازالہ مقرر کردہ وقت میں لازمی ہونا چاہئے جبکہ شکایت کرنے والے صارف سے رابطہ کر کے اس کا فیڈ بیک لازمی حاصل کیا جائے جبکہ شکایات کے حل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ آفیسر یا سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔