فیصل آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی):مینیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے واٹر سپلائی اور سیوریج کے بلز کی ادائیگی نہ کرنے والے نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے کی ہدایت کردی۔ اس ضمن میں شہر بھر میں 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واسا فیصل آباد حکام کی جانب سے ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لئے سخت قانونی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں واسا کے ایسے صارفین جو اپنا ماہانہ بل جمع نہیں کراتے ان کے واٹر سپلائی اور سیوریج کے کنکشن کاٹ دئیے جائیں گے، ٹیمیں ایسٹ اور ویسٹ زون میں کام کریں گی۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا نے کہا کہ فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے صارفین کو چاہیئے کہ وہ اپنا ماہانہ بل باقاعدگی سے جمع کرائیں کیونکہ آپریشنز اور بجلی کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اگر صارفین بجلی کے بلز کی ادائیگی نہیں کریں گے تو واسا فیصل آباد کیلئے اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانا مشکل ہو گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کنکشن منقطع کرنے کے بعد اگر کسی نے دوبارہ کسی پرائیویٹ شخص سے کنکشن کرا لیا تو اس میں ملوث ا فراد کے خلاف مقدمات درج کروائیں گے اور ان کے کیسز کورٹ میں دائر کریں گے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ ہاؤسنگ کالونیوں کا سروے مکمل کیا جارہا ہے جس کے بعد بلز کی ادائیگی نہ کرنے والی اور غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن بھی منقطع کردئیے جائیں گے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔