فیصل آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی زیر صدارت جائیکا ایکسپرٹ ٹیم اور واسا افسران کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں امپروومنٹ آف واٹر سپلائی پراجیکٹ کی تازہ ترین پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید،پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا،ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹر ریونیو جاوید غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر عمران بٹ،سانول ملک، فیضان شکور،جائیکا کنسلٹنٹ سلطان اعظم و دیگر بھی موجود تھے۔
ایم ڈی واسانے واضح کیا کہ جائیکا پراجیکٹ کی پراگریس رپورٹ شیڈول کے مطابق ہے جس پر وہ جائیکا ماہرین کے شکر گزار ہیں کیونکہ پینے کے پانی کی فراہمی کا یہ منصوبہ شہریوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تکمیل سے شہر کے شرقی حصے کی 2 لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو سکے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ واٹر میٹر کی انسٹالیشن کے حوالے سے متعلقہ علاقہ میں آگاہی مہم شروع کی جائے، اس حوالے سے انہوں نے سٹیزن لائزن سیل کو ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کے دوران دسمبر 2023ء کے دوران جاپان کا دورہ کرنے والے پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا اور ڈائریکٹر شہریار حسن نے بریفنگ دی اور کہا کہ جاپان کے دورہ کے دوران انہوں نے واٹر سپلائی سسٹم اور فنانس مینجمنٹ سسٹم بارے بہت کچھ سیکھا اور ان تجربات کو واسا فیصل آباد میں نافذ کر کے کارکردگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔اجلاس کے دوران پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دوسرے ترجیحی علاقہ فوارہ چوک پیپلزکالونی میں فوری کام شروع کرنے، میٹر انسٹالیشن، اور ٹرمینل ریزروائرز کی سروسز کو مزید بہتر کرنے کے حولے سے گفتگو کی گئی۔