35.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںایم کیو ایم حیدرآباد کا بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان...

ایم کیو ایم حیدرآباد کا بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

- Advertisement -

حیدرآباد۔ 07 مئی (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے سینٹ بونا ونچر چوک سے کوہ نور چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیاسی، سماجی، تجارتی، اور مذہبی حلقوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد، انچارج سندھ کمیٹی سلیم رزاق، ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر صدیقی، ایم این اے سید وسیم حسین، ایم پی اے راشد خان ایڈووکیٹ، اور ناصر حسین قریشی نے کی۔ اس موقع پر حیدرآباد چیمبر آف کامرس، سمال ٹریڈرز، کلاتھ مارکیٹ، ریشم گلی، آئرن مارکیٹ، اناج منڈی سمیت دیگر یونینز، این جی اوز، مسیحی برادری کے رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے بھارتی حکومت کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر حملہ کر کے مودی سرکار نے بزدلی کا ثبوت دیا ہے

لیکن افواجِ پاکستان نے بروقت اور بھرپور جواب دے کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلی کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ پوری قوم کے جذبات کی عکاس ہے۔ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام نے بھارتی جارحیت کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، بھارت جان لے کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے۔ انچارج سندھ کمیٹی سلیم رزاق نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ہر کارکن مادرِ وطن کی سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے کہا کہ اس کٹھن وقت میں جو قوم کے ساتھ نہ کھڑا ہو وہ غدار ہے۔ راشد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ دشمن کو اس کے ہر وار کا جواب دیا جائے گا۔ ناصر حسین قریشی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے کر فخر پیدا کیا ہے۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے بشپ و رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایم کیو ایم کی کاوش کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

- Advertisement -

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594143

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں