ایم کیو ایم کے مرکز کے دورے کے موقع پر عمران خان نے کسی غیر ملکی سازش پر بات نہیں کی تھی ، سید امین الحق

88

کراچی۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان جب ایم کیو ایم کے مرکز آئے تھے تو انہوں نے کسی غیر ملکی سازش پر بات نہیں کی،ایم کیو ایم پاکستان نے عدم اعتماد کی تحریک کا فیصلہ شہری سندھ کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔یہ بات انہوں نے قصبہ علی گڑھ ٹاؤن اورنگی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ایم کیو ایم کی قیادت کو انتہائی نفیس لوگ کہتے تھے بعد میں انہوں نے اسی ایم کیو ایم کو غدار اور دہشت گرد کہا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے دن کی روشنی میں پی پی پی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے جسے پورے مین اسٹریم میڈیا نے کور کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کسی وزارت یا گورنر شپ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے بلکہ اس نے اپنے لوگوں کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے تحت سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو مضبوط کیا جائے گا اور میئرز کو مکمل اختیارات دیے جائیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں شہری کوٹے کے نفاذ کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کے فور ( K-IV) منصوبے کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ اگلے سال اکتوبر میں مکمل ہو جائے گا جبکہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا ۔