ملتان۔ 07 جون (اے پی پی):ایوان تجارت وصنعت ملتان اورایف آئی اے کے اشتراک سے اینٹی منی لانڈرنگ قوانین سے متعلق آگاہی اوراس کے تدارک بارے ایک سیمینار کاانعقاد کیاگیا۔سیمینارمیں ڈپٹی ڈائریکٹراینٹی منی لانڈرنگ سرکل ایف آئی اے ملتان معظم علی خان چیمبرآف کامرس ملتان کے صدر میاں راشد اقبال ،خواجہ محمد حسین ،ندیم احمد شیخ ،عالم سعید وایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سمیت مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی ۔
اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹراینٹی منی لانڈرنگ سرکل ملتان معظم علی خان نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے ایف آئی اے کاکرداربہت اہمیت کاحامل ہے اوراس سلسلے میں بہت سخت قوانین وسزائیں موجودہیں ۔انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ کے بہت سے طریقے ہیں جنہیں استعمال کرکے منی لانڈرنگ کے مرتکب افراد اپنی بلیک منی کووائٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے افراد ملک وقوم کے مجرم ہیں اورایف آئی اے کاکام ایسے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لاناہے۔
معظم علی نے مزید کہاکہ بینکنگ سیکٹرمیں بھی ہم ایسے پروگرامز ترتیب دے رہے ہیں کہ جن سے منی لانڈ رنگ کاخاتمہ ممکن ہوسکے گا اورلوگوں کو اس سے آگاہی ملے گی اورکوئی بھی شخص بینک کے ذریعے اپنی غیر قانونی رقم کو قانونی نہیں کرسکے گا ۔
انہوں نے کہاکہ غلط طریقے سے پیسہ کمانے والا اپنی رقم کو قانونی کرنے کے لئے جوراستہ اختیار کرتاہے ایف آئی اے اس راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے نے کہاکہ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہنڈی وحوالہ کے ذریعے منی لانڈر نگ کرنے والے افراد سمیت ملکی معیشت کونقصان پہنچانے والے عناصر کوقانون کے کٹہرے میں لائیں ۔
تقریب کے اختتام پرتاجر برادری کی جانب سے رقم کی ترسیل میں پیش آنے والے مسائل پربھی گفتگوکی گئی ۔جس پرڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے تاجروں کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔